بنگلورو،30؍اپریل(ایس او نیوز)سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور مرکزی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ ملک کے ہر شہری کو کورونا وائرس سے بچنے کا ویکسین مہیا کروائے اس ملک کے لئے ایک یادو کروڑ ویکسین منگوانے سے کا م چلنے والا نہیں ہے بلکہ مودی کو کسی بیرو ن ملک کمپنی سے بات کر کے ملک کی آبادی کے حساب سے ویکسین منگوانے ہوں گے ورنہ ملک کے شہریوں کوکورونا کے مضر اثرات سے بچانا شاید مشکل ہو جائے گا۔
شہر کے وکٹوریہ اسپتال میں اراکین اسمبلی ضمیر احمد خان،بائرتی سریش اورراج شیکھر پاٹل کے ہمراہ کورونا وائرس کے ویکسین کا دوسرا ڈوز لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ ہر شہری کولازمی طور پر ویکسین لینا چاہئے۔ کیونکہ ویکسین لینے کے بعد کورونا وائرس کا شکار بننے کا امکان کافی کم یعنی محض 0.03فیصد رہ جاتا ہے اس لئے ویکسین لینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو جہاں ماسک، سینی ٹائز اور سماجی فاصلہ کورونا کو روکنے کا عارضی ہتھیار ہے وہیں ویکسین کی مدد سے کورونا کو مستقل طور پر شکست دی جا سکے گی۔
اس موقع پر سدارامیانے وکٹوریہ اسپتال کے ڈاکٹروں سے بات چیت کی اس کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی اطلاع کے مطابق اس اسپتال میں 750بستر ہیں جن میں سے صرف65آئی سی یو ہیں۔ اس اسپتال میں کم از کم 200آئی سی یو بستر ہونے چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق وزیر صحت نے آئی سی یو بستروں کی تعداد کو 100تک بڑھانے کا تیقن دلایا ہے۔
سدارامیا نے کہا کہ ریاست بھر میں خاص طور پر شہر بنگلورو کے اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج کے لئے بستروں کی غیر معمولی قلت ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صرف بستربڑھادینے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا بلکہ ان بستروں پر بھرتی ہونے والے مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے عملہ کی بھی ضرورت ہے۔ اس کے لئے حکومت کو وظیفہ یاب ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پر ان کی تنقید اس لئے ہے کہ اس کو بیدار کیا جائے۔وزیر خوراک امیش کتی کے بیان پر کہ راشن نہ ملا تو مرجاؤ سدارامیا نے سخت برہمی ظاہر کی اور کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کتی ایک غیر ذمہ دار وزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیا ن سے وزیر کا غرور اور تکبر جھلکتا ہے۔
اس موقع پر رکن اسمبلی ضمیر احمد خان نے کہا کہ کورونا وائرس سے عوام کو بچانے کے لئے لاک ڈاؤن کرنے کی کانگریس مخالف نہیں ہے لیکن اسے سے غریب مزدوروں کا جو نقصان ہو رہا ہے اس کی بھرپائی کے لئے حکومت کو ایک معاشی پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے۔ شہر بنگلورو میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے اپنے وطن لوٹنے پر مجبو ر مزدوروں کی مدد ہو نی چاہئے۔